,پانامہ کیس کی سماعت‘ کمرہ عدالت کے باہر چھتریوں اور برساتیوں کا ڈھیر لگا رہا
اسلام آباد (صلاح الدین خان) پانامہ کیس کی سماعت کے دوران مریم نواز کے وکیل شاہد حامد نے سپریم کورٹ میں کہا کہ عمران خان نے جو درخواست دائر کی ہے یہ سیاسی مخالفت کی بناءپر دائر کی ہے۔ عوامی مفاد کی آئینی درخواستوں میں مفاد عامہ کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اس پر جسٹس عظمت سعیدنے ریمارکس دیئے کہ درخواست سیاسی بنیادوں پر دائر کی گئی ہے یا عوامی مفاد کی بناءپر سپریم کورٹ کے باہر آپکی میڈیا ٹاکس سے ہمیں اندازہ ہو جائے گا کہ درخواست کس نوعیت کی ہے۔ دوران سماعت شاہد حامد سے عدالت نے مریم نواز کا ذریعہ آمدنی دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ ان کے نام زرعی اراضی ہے جس کی آمدن سے ان کے اخراجات پورے ہوتے ہیں اور اس آمدن پر وہ ٹیکس بھی ادا کرتی ہیں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ یہ جو تحفوں کی مد میں رقم دی گئی ہے اور جو ان کی آمدن ہے اس کا چارٹ بنا کر دیں کہ تحفوں کی مد میں کتنی اور کب کب رقم نواز شریف کو دی۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے حق میں دلائل کے موقع پر کارکن خوش ہوتے اور ایک پارٹی کے کارکن جذبات میں آ کر کھڑے ہو جاتے‘ سماعت 2 نمبر کورٹ کی بجائے ایک نمبر کورٹ میں ہوئی۔ 2 نمبر کورٹ میں 40 جبکہ کورٹ نمبر 1 میں 2 سو سے زائد نشستیں ہیں بارش کی وجہ سے کورٹ روم کے باہر چھتریوں اور برساتیوں کا ڈھیر لگا ہوا تھا۔