خیرپور قتل کے 4ملزمان کو کو پھانسی کا حکم سنادیا
خیرپور(نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے قتل کے مقدمے میں 4ملزمان کو پھانسی کا حکم سنادیا ۔سزا پانے والوں میں دو گرفتار ملزمان سمیت 4افراد شامل ہیں۔ ملزمان کو 10/10لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا ۔عدالت کا دو فرار ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم۔ملزمان نے 2012ء میں پولیس اہلکار سمیت3افراد کو قتل کیا تھا ۔عدالت کے فیصلے کے بعد ملزمان سخت سیکورٹی میں سینٹرل جیل منتقل کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے اسپیشل جج سید کوثر علی بخاری کی عدالت میں خیرپور کے کچے کے تھانے صادق کلہوڑو میں درج قتل کے مقدمہ نمبر 5/2012کی سماعت ہوئی ،سماعت کے دوران مقدمے میں نامزد چار ملزمان اسماعیل ولد پریل شیخ،امتیاز ولد میر شیخ،لطیف ولد فقیر محمد گوپانگ اور عزیز اللہ ولد میر شیخ پر قتل کا جرم ثابت ہونے کے بعد عدالت نے چاروں ملزمان کو تین/تین مرتبہ پھانسی اور 10/10لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنایا ،جبکہ پولیس مقابلے کے مقدمے میں مزید 10/10سال قید اور پچاس/پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی،جبکہ فیصلے کے بعد مقدمے میں نامزد دو ملزمان لطیف گوپانگ اور عزیز اللہ شیخ جو ضمانت پر آزاد تھے پولیس کو چکما دیکر فرار ہونے میں کا میاب ہوگئے،عدالت نے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا ہے ، جبکہ سزا یافتہ دو گرفتار ملزمان کو پولیس کی سخت سیکورٹی میں سکھر سینٹرل جیل منتقل کیاگیا ،پھانسی کی سزا پانے والے ملزمان نے 22 فروری 2012ء کو مقابلے کے دوران پولیس اہلکار بشیر جامڑو سمیت دو دیہاتیوں گل محمد اور صوبل ملاح کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا جس کا جرم ثابت ہونے کے بعد انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر علی بخاری نے فیصلہ سنایا ۔
پھانسی