امر یکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں شدید برفانی طوفان کی پیشنگوئی
نیویارک( نمائندہ خصوصی)امریکہ میں محکمہ موسمیات نے ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں شدید برفانی طوفان کی پیشنگوئی کر دی ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں فلاڈلفیا سے ریاست مین کے درمیانی علاقے میں اوسطاً دو فٹ تک اور نیویارک میں تین فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔نیویارک کے میئر بل ڈی بلازیو نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ایسے طوفان کے لئے تیار رہیں جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ شہر کی تاریخ کا سب سے بڑا اور بدترین برفانی طوفان ہو سکتا ہے اور نیویارک کے شہری اسے نظرانداز نہ کریں۔انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ پیر کو گھروں میں ہی رہیں اور انتہائی اشد ضرورت کے سوا باہر نہ نکلیں۔انھوں نے کہا کہ ’سب نیویارک والوں کے لیے میرا پیغام یہی ہے کہ وہ ان بدترین حالات کے لیے تیاری کریں جو آج تک ہم نے نہیں دیکھے۔ ہر قسم کے حفاظتی انتظامات کریں۔ یہی وہ وقت ہے کہ اس شدید موسم کے لیے تیاری کی جا سکتی ہے۔امریکی موسمیاتی چینل کا کہنا ہے کہ طوفان اس علاقے میں پیر سے بدھ تک جاری رہے گا اور ’ممکنہ تاریخی سرد طوفان شمال مشرقی امریکہ میں پروازوں کی منسوخی اور تاخیر اور ہوائی اڈوں کی بندش کی وجہ بن سکتا ہے۔حکام نے طوفان کے خدشے کی وجہ سے پہلے ہی نیویارک، بوسٹن اور دیگر ہوائی اڈوں سے اڑنے اور وہاں اترنے والی سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔