سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ، خواجہ عمران نذیر 

Feb 27, 2025

کلر سیداں(نامہ نگار)صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتالوں کے حالات میں بہتری لانے کیلئے موثر نظام لایا جا رہا ہے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج ڈیجیٹلائزڈ کیا جا رہا ہے ۔ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کا لوڈ کم کرنے کیلئے مقامی ہسپتالوں میں بھر پور وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں میں اپنے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے دعوی کیا کہ وہ کلر سیداں ہسپتال کو ایک سال میں ماڈل ہسپتال بنائیں گے۔ٹراما سنٹرکے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ٹراما سنٹر کی بجائے ایمرجنسی نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے انہوں نے اس موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وارڈز میں زیر علاج مریضوں سے خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے بارے میں استفسار کیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر صحت نے" ب "فارم کی شرط ختم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بچہ صرف" ب" فارم نہ ہونے کی وجہ سے بغیر علاج واپس نہ جائے۔ایمرجنسی میں داخل مریض نے بتایا کہ ایمرجنسی میں اس وقت صرف ایک ہی مانیٹرنگ مشین دستیاب ہے جس پر صوبائی وزیر صحت نے سی ای او ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی آصف رباب نیازی کو فوری طور پر مزید چھ مانیٹرنگ مشینیں فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی، مریضوں کی جانب سے تعریفی کلمات پر صوبائی وزیر نے ایم ایس ڈاکٹر عابدہ پروین سمیت تمام سٹاف کو تعریفی سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمد، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کلر سیداں ڈاکٹر فرحت ابراہیم،مسلم لیگ ن کلر سٹی کے صدر حاجی اخلاق حسین، جنرل سیکرٹری چوہدری زین العابدین عباس،شیخ سلیمان شمسی،چوہدری عابداللہ سیٹھی،چوہدری نعیم بنارس،سردار محمد وسیم،شیخ ندیم احمد،عابد حسین زاہدی،جنید بھٹی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں