وفاقی وزیر اسد عمر نے فیڈمک اکنامک زون کی بہتری کیلئے چک جھمرہ انٹر چینج کی منظوری دیدی
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ فیڈمک کے اکنامک زون معاشی ترقی کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہیں کامیاب بنانے کے لیے وفاقی حکومت ہر قسم کی مدد فراہم کرے گی۔ وہ چئیرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ر) عاصم سیلم باجوہ کے ہمراہ فیڈمک ہیڈ آفس میں ایک اجلاس کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر چئیرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق، اراکین اسمبلی فرخ حبیب، فیض اللہ کموکا، شیخ خرم شہزاد، سی ای او فیڈمک عامر سلیمی و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں آمد و رفت کی آسانی کے لیے چک جھمرہ انٹرچینج کی منظوری دے دی گئی ہے۔ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فیڈمک کے سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو سروس سینٹر کا آغاز کر دیا گیا ہے۔