بچیکی شہر‘ 26 دیہات کیلئے ایک ارب 6 کروڑ سے کام کا آغاز کر دیا: اعجاز شاہ

بچیکی‘ ننکانہ صاحب (نامہ نگاران) وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات برگیڈئیر (ر) پیر اعجاز شاہ نے بچیکی کی عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا۔ بچیکی شہر اور گردونواح 26دیہات کے لئے سڑکیں، سوئی گیس کی فراہمی پر ایک ارب 6 کروڑ روپے کی لاگت سے منصوبے پر کام کا آغاز کر دیا گیا جس سے علاقے کے ہزاروں افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ بچیکی میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ننکانہ صاحب میں اب تک ایک ارب روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ پنجاب حکومت نے بابا گورونانک یونیورسٹی کے لئے مزید دو ارب دس کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچیکی شہر اور گردونواح کے 26 چھوٹے بڑے دیہات میں ترقیاتی کاموں پر کام بہت جلد شروع کر دیا جائے گا جس میں سڑکیں اور بچیکی میں سوئی گیس کی فراہمی کے اس منصوبے پر 1ارب 6 کرور روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ اگلے دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ سیاسی و سماجی رہنمائوں حاجی وحید بھٹی، شوکت ارائیں، رائے عبدالغفور، چوہدری ذوالفقار، علی رضا کھرل، رائے شاہد حیات ،حافظ ذاکر وٹو، تنویر ہمایوں، صدیق مغل، چوہدری عابد سرا، چوہدری فیصل، بلال منیس سمیت سینکڑوں شہریوں نے شکریہ ادا کیا۔ اعجاز احمد شاہ نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے خواتین بچیکی کا دورہ بھی کیا۔ بعد ازاں مقامی سیاسی ورکر صوفی انور ارائیں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ دریں اثناء پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب کے لئے بہت جلد بڑے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا جس میں سیدوالا پل کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور نوجوان کے لئے کرکٹ گرائونڈ سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب ننکانہ صاحب کے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے ذریعے ریلوے لائن کے ساتھ لگی تمام جھاڑیوں اور ملبے کو اٹھوا کر وہاں پر دو خوبصورت گرائونڈ بنوا دئیے ہیں جن میں نوجوان کرکٹ ودیگر کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گے۔