تمباکو نوشی کے خلاف مؤثر اقدامات کئے جائیں

مکرمی! نصف صدی قبل صرف 10 سگریٹ والے چند برانڈ دکانوں پر نظر آتے تھے اور سگریٹ نوشی کی 40/50 سال کے اوپر کے افراد میں ہی عادت تھی۔ لیکن تمباکو کا کاروبار کرنے والوں نے اس صنعت کو ترقی دینے کیلئے سب سے پہلے 20 سگریٹ والا یعنی ڈبل پیکٹ متعارف کرایا اور ساتھ دلکشی کیلئے ساتھ فلٹر بھی لگا کر اس کو گویا غیر مضر ثابت کر دیا۔ نئی نسل کو ورغلا نے کیلئے کسی کمپنی نے موٹر سائیکل کسی نے 1 کلو سونا ، کسی نے کاریں انعام دینے کا جھانسہ دیا۔ کار اور موٹر سائیکلوں کے لالچ میں نوجوان نسل تمباکو کوشی میں ایسی پڑی کہ انہیں کوئی انعام ملا یا نہیں مگر وہ پکی تمباکو نوش ضرور بن گئی۔ عوام کو تمباکو نوشی کی طرف ورغلانے کا سلسلہ کسی نہ کسی منظم طریقہ سے آج بھی بھرپور انداز میں جاری ہے اس وجہ سے 10 سگریٹ پیکٹ بند کر کے صرف 20 والے پیکٹ دستیاب ہیں جبکہ برانڈوں کا شمار ہی نہیں ہے۔ اب تو غیرملکی برانڈ بھی بڑی تعداد میں دستیاب ہیں بلکہ پاکستانی بعض برانڈ سے سستے بھی ہیں۔ کیا حکمران لاعلم ہیں۔ لہٰذا حکومت تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے رحجان کے خلاف موثر اقدامات کرے۔ (فتح محمدموسیٰ خیل ، میانوالی)