یورپی یونین وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران خطے میں امن کیلئے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور‘ افغان مفاہمتی عمل اور خطے میں سلامتی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ۔
نائن الیون کے بعد جب پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں امریکہ کا ساتھ دیتے ہوئے اسکے فرنٹ لائن اتحادی کا کردار ادا کیا تو لامحالہ یہ پرائی جنگ اسکے گلے پڑ گئی جس کے نتیجہ میں پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بگڑی اور روزانہ کی بنیاد پر یہاں بم دھماکے‘ خودکش حملے اور دہشت گردی کی دوسری وارداتیں تسلسل سے ہونے لگیں جس سے دنیا بھر میں پاکستان کا امیج بری طرح متاثر ہوا۔ اس تناظر میں پاکستان نے دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کیخلاف ضرب عضب‘ ردالفساد‘ خیبر 4 اور کومبنگ جیسے کامیاب اپریشن کرکے ملک سے دہشت گردوں کا صفایا کیا ۔اسکے ساتھ ساتھ خطہ کے امن کیلئے بھی پاکستان نے اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے افغانستان میں امن کی بحالی‘ طالبان امریکہ کے مابین مذاکرات کی کامیابی کیلئے کوششیں اور ایران امریکہ کشیدگی ختم کرانے میں بھی پاکستان کا انتہائی اہم کردار رہا ہے ‘ جس کی دنیا معترف ہے۔ پاکستان میں امن و امان کی بحالی میں کریڈٹ ہماری پاک فوج کو جاتا ہے جس نے اعلیٰ افسران سمیت اپنے جوان سپوتوں کی جانوں کی قربانیاں دیں۔ اسی تناظر میں یورپی یونین کے وفد نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران خطے میں امن کیلئے پاکستان کی تعریف کی۔ خطے میں امن کی بحالی کیلئے پاکستان تو اپنا مخلصانہ کردار ادا کررہا ہے لیکن جب تک افغانستان میں امن کی بحالی کیلئے طالبان امریکہ مذاکرات کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوتے اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نہیں نکلتا اس وقت تک خطے میں امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور امریکہ خطے میں امن کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024