’’ شعیب مجھ سے عمر میں بڑے ، فٹ رہنے کے لیے غذا کا بے حد خیال رکھتے ہیں‘‘ ثانیہ
دبئی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی ان کا حوصلہ بڑھانے دبئی پہنچ گئیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ثانیہ مرزا کی دبئی آمد شعیب کی ٹیم ملتان سلطانز کے لیے زیادہ مثبت ثابت نہیں ہوئی کیوں کہ اس میچ میں ملتان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ انہیں ملتان سلطانز کی ابتدائی دو فتوحات پر بے حد خوشی ہے تاہم ابھی کافی میچز باقی ہیں اور فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ثانیہ مرزا نے اپنی اور شعیب ملک کی بہترین فٹنس کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ ’’شعیب ملک اپنی غذا کا بے حد خیال رکھتے ہیں، میں اتنا خیال نہیں رکھ پاتی لیکن شعیب کافی ڈسپلن کے پابند ہیں‘‘۔ثانیہ مرزا نے ازراہ مذاق کہا کہ ’’چونکہ شعیب ملک مجھ سے عمر میں بڑے ہیں تو انہیں خود کو فٹ رکھنے کے لیے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے‘‘۔ثانیہ مرزا نے کہا کہ ہربار کی طرح اس بار بھی پی ایس ایل میں بہت مزہ آرہا ہے۔