پی ایس ایل تھری: کراچی کنگز کی تیسری کامیابی‘ لاہور قلندرز کو 27 رنز سے ہرا دیا
دبئی(سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپر لیگ تھری میں لاہور قلندرز کیلئے پہلی جیت کا انتظار مزید طویل ہو گیا،کراچی کنگنز نے لاہور قلندرز کو 27 رنز سے ہرا دیا ،160 کے تعاقب میں قلندرز 18 ویں اوورز میں 132 پر پویلین لوٹ گئے، عثمان خان اور آفریدی نے تین تین جبکہ ملز نے دو وکٹیں لیں،میکولم نے 44 رنز بنا کر اچھا آغاز دیا مگر باقی کھلاڑی کراچی کی نپی تلی بائولنگ کا سامنا نہ کر سکے۔۔لاہور قلندرز کے میک کولم اور سنیل نرائن نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر سنیل نارائن کیچ دے بیٹھے۔ لاہور قلندرز کو دوسرا نقصان فخر زمان کی صورت میں ہوا جب وہ 19 رنز بناکر شاہد آفریدی کا شکار ہوگئے۔لاہور کی تیسری وکٹ 72 کے مجموعی اسکور پر گری جب عماد وسیم نے برینڈن میک کولم کو 44 کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔لاہور قلندرز کو چوتھا جھٹکا 81 کے مجموعی اسکور پر لگا جب عمر اکمل 6 رنز بناکر شاہد ا?فریدی کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے۔لاہور قلندرز کی پانچویں وکٹ 91 کے مجموعی اسکور پر گری جب سہیل اختر 9 رنز بناکر آفریدی کا شکار بن گئے۔ لاہور کو چھٹا نقصان 114 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب آغا سلمان 15 رنز بناکر عثمان خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔117 کے مجموعی اسکور پر لاہور کی ساتویں وکٹ گری جب دنیش رام دین 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد یاسر شاہ صرف چھ رنز بناکر لاہور قلندرز کو مزید مشکل میں ڈال گئے۔ٹاس جیتنے کے بعد کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔کراچی کنگز کی جانب سے روی بوپارہ 50 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ جو ڈینلی اور کولن انگرام نے 28،28 رنز بنائے۔لاہور قلندز کی جانب سے سہیل خان، سنیل نارائن اور یاسر شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے 3 اوورز میں 39 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔کراچی کنگز کو پہلا نقصان جو ڈینلی کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 28 رنز بناکر لیگ اسپنر یاسر شاہ کا شکار ہوئے، اس وقت کراچی کا مجموعی اسکور 36 رنز تھا۔کراچی کی دوسری وکٹ بھی 36 کے اسکور پر ہی گری جب بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے مستفیض الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔تیسرا نقصان کراچی کو خرم منظور کی صورت میں اٹھانا پڑا جو صرف 8 رنز بناکر سنیل نارائن گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچآؤٹ ہوگئے۔کراچی کی ٹیم کو چوتھا نقصان 86 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب کولن انگرام 28 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر آ?ؤٹ ہوگئے۔کراچی کی پانچویں وکٹ 90 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد رضوان ایک رن بناکر سنیل نارائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم 15 رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔شاہد آفریدی نے آتے ہی پہلی گیند پر چھکا لگایا لیکن دوسری گیند پر اونچا شاٹ کھیل کر کیچ دے بیٹھے، وہ چھ رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔لاہور کی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور گلریز صدف اور رضا حسن کی جگہ دنیش رامدین اور سہیل خان اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ کیمیرون ڈیلپورٹ کی جگہ آغا سلمان کو موقع دیا گیا ہے۔کراچی کنگز کی ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عامر کی جگہ عثمان شنواری شامل کیا گیا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں مجموعی طور پر اب تک کراچی کنگز اور لاہور قلندرز 4 بار آمنے سامنے آچکے ہیں جن میں سے 4 میچز کراچی کنگز نے جبکہ 1 لاہور قلندرز نے جیتا ہے۔ایونٹ میں لاہور قلندرز نے اب تک دو میچز کھیلے اور دونوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ کراچی کنگز نے اپنے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کی۔