سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں عدم شرکت، نجم سیٹھی کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (آئی این پی) سپورٹس فیڈریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے قائم سینیٹ کی خصوصی کمیٹی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حکام کو کمیٹی میں طلب کرنے کے باوجود شرکت نہ کرنے پر معاملہ استحقاق کمیٹی میں لیکر جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے احتجاجا اجلاس ملتوی کر دیا، کمیٹی نے اجلاس میں عدم شرکت پر نجم سیٹھی، ہاکی اور فٹبال فیڈریشن کے ذمہ داران کو نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ کر لیا جبکہ کمیٹی کے کنونیئر اشوک کمار کا کہنا تھا کہ ایسے کیسے ہو سکتا ہے کہ کمیٹی انتظار کریں اور سپورٹس فیڈریشنز کے نمائندے نہ آئے۔ سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنونیئر اشوک کمار کی صدارت میں شروع ہوا تو وزارت بین الصوبائی رابطہ سمیت کمیٹی اجلا س میں طلب کئے جانیوالے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی، پاکستان ہاکی فیڈریشن اور پاکستان فٹبال فیڈریشن کے حکام میں سے کسی نے شرکت نہ کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ٹیپو محبت خان ا ور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے تاخیر سے سے پہنچنے پر معذرت کی اور موقف اختیار کیا کہ وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مصروف ہیں اور وزارت نے اجلاس موخر کرنے کی درخواست کی تھی۔کمیٹی کے کنویئنر اشوک کمار نے وزارت سے بریفنگ لینے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے اجلاس احتجاج ملتوی کر دیا اور کہاکہ ایسے کیسے ہو سکتا ہے کہ کمیٹی انتظار کریں اور فیڈریشنز کے نمائندے نہ آئے، معاملے کو استحقاق کمیٹی میں لیکر جائینگے، اس موقع پر کمیٹی رکن سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ نجم سیٹھی اورسپورٹس فیڈریشنز کا سی سی آئی اجلاس سے کیا تعلق ہے، کمیٹی اجلاس میں طلبی کے باوجود نہ آنے پر سب کو نوٹس جاری کیا جائے، انہوں نے کہاکہ سیاسی بنیادوں پر فیڈریشنز کے عہدداروں کا انتخابات عمل میں لایا جا تا ہے، سپورٹس فیڈریشنز کو لوگوں نے ذاتی جاگیر بنا لیا ہے، کھیلوں کو زوال سے نکالنے کیلئے اسٹرکچر تبدیل کرنا ہوگا،کمیٹی کے کنونیئرنے کہاکہ فٹبال فیڈریشن اور کرکٹ بورڈ سے کرپشن کے معاملے پر پوچھ گچھ ہونے پر متعلقہ حکام نہیں آئے کمیٹی نے اجلاس میں عدم شرکت پر کمیٹی کا نجم سیٹھی، ہاکی اور فٹبال فیڈریشن کے ذمہ داران کو نوٹس جاری کرنیکا فیصلہ بھی کیا ۔