نیشنل شاہین نے کراچی سپر کپ فٹبال ٹورنامنٹ جیت لیا
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) تنظیم اسپورٹس اور سندھ مسلم گذری کے زیراہتمام کراچی سپر کپ فٹبال ٹورنامنٹ نیشنل شاہین نے جیت لیا۔ فائنل میں نیشنل شاہین نے اعظم اسپورٹس کو 2-1سے شکست دی۔ میچ کا فیصلہ کن گول فاتح ٹیم کے بابر نے کھیل کے اختتامی منٹ میں کیا۔ بابر نے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکور کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ شائقین سے بھرے ہوئے اسٹیڈیم میں ڈسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کی دو نمبرون ٹیمیں ٹرافی کی جنگ کے لئے میدان میں اتریں ۔ فاروڈز نے ایک دوسرے کے گول پر تابڑتوڑ حملے کئے لیکن گول کیپر نے عمدہ کھیل سے ان تمام حملوں کو ناکام بنادیا۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم برتری حاصل نہ کر سکی۔ وقفے میں مہمان خصوصی ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلی کرم اللہ وقاصی چیئرمین یوسی31 کہکشاں اور مسٹرکم ٹیک کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا ۔ ڈی ایف اے ویسٹ کے سیکریٹری رحیم بخش بلوچ، ایسٹ کے صدر، خالد تنولی،سیکریٹری کیپٹن عبید اللہ خان، سینٹرل کے صدر سید عثمان شاہ، ڈی ایف اے ملیر کے صدر فتح محمد بلوچ، سیکریٹری شاہد تاج، سندھ فٹبال ریفری ایسوسی ایشن کے صدر فیفا ریفری محمد اقبال جونیئر،سیکریٹری سعید خان، آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین، ایشلے جانی ڈین، رضا خان، عبدالوحید، محمد سلیم سمائ،علی رضا طارق، سجاس کے صدر سینئر اسپورٹس جرنلسٹ طارق اسلم، شفیع بلوچ،ایاز لاشاری، علی رضا سولنگی، کاشف بروہی، حفیظ بروہی، آصف خان، انٹرنیشنل فٹبالر نومی مارٹن، محمود علی خان (مودی)،سمیت دیگر موجود تھے۔دوسرے ہاف میں میچ کے تینوں گول اسکور کئے۔ نیشنل شاہین کی جانب سے52 ویں منٹ میں علی نے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔دس منٹ بعد اعظم اسپورٹس کے نوید اللہ نے گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ کھیل کے 90 ویں منٹ میں نیشنل شاہین کو اعظم اسپورٹس کے گول سے25 میٹر کے فاصلہ سے ایک فری کک ملی۔ جس پر بابر نے گیند کو جال میں پہنچا اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی نے انعامات تقسیم کئے۔ نیشنل شاہین کے کپتان نے وننگ ٹرافی کے ساتھ15 ہزار روپے اور رنراپ ٹیم اعظم اسپورٹس نے ٹرافی کے ہمراہ 10 ہزار روپیحاصل کئے۔فیئر پلے ٹرافی کی حقداد میزبان ٹیم تنظیم اسپورٹس کو قرار دیا گیا ۔ بہترین گول کیپر کا ایوارڈ تنظیم اسپورٹس کے آصف خان، ٹاپ اسکور نیشنل شاہین کے بابر قرار دیئے گئے جس نے 7گول اسکور کئے ۔ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کی ٹرافی نیشنل شاہین کے علی کو ملی۔ میڈیا کوآرڈینیٹر کیشیلڈ علی رضا طارق کو پیش کی گئی۔