فنکاروں کیلئے صحت کارڈ، آلات کی درآمد پر ڈیوٹی ختم، 5ارب روپے سے فلم فنانس فنڈ قائم
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی )وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے نئی قومی فلم اور کلچر پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی تہواروں پر ملک بھر میں پاکستانی فلمی دکھائی جائیں گی ،نئے سینمائوں کی تعمیر کیلئے 80فیصد ری بیٹ دیا جائے گا،فنکاروں کیلئے ہیلتھ کارڈز جاری کئے جائیں گے ،فلم بنانے کے آلات پر امپورٹ ڈیوٹی زیرو کردی گئی ہے جبکہ مذکورہ آلات پر سیلز ٹیکس کی ڈیوٹی بھی ختم کردی گئی جسے فنانس بل میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات نے پیر کو قومی آرٹسٹ کنونشن اور سی پیک کلچرل کاروان فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کلچرل پالیسی کا اعلان کیا۔ فیسٹیول سے پاکستان فلم انڈسٹری کے مایہ ناز فنکاروں شان ، مصطفی قریشی ، زیبا بیگم ، قوی خان ، میرا، لیلیٰ زبیری ، استاد حامد علی خان اور دیگر نے کلچرل پالیسی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت کی جانب سے فنکاروں کیلئے پہلی جامع پالیسی مرتب کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی یہ کوشش تھی کہ پاکستان میں فنکاروں کو ان کا جائز مقام ملنا چاہیے اور ان کے نامکمل کام کو آج مکمل کر رہے ہیں جو فلم پالیسی بھی بنائی گئی ہے اس پر پہلے سے عمل درآمد ہورہا ہے ، ہمارا ملک ایک امن پسند ملک ہے تاہم دہشتگردی نے لوگوں کا سکون برباد کیا ، جمہوریت اور ثقافت کا گہرا تعلق ہے ،ماضی کی حکومتوں میں بھی فلم انڈسٹری کو سپورٹ حاصل نہیں رہی ، 35سال سے جو فلم انڈسٹری کیساتھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے ، 70کی دہائی میں ڈیڑھ سو فلمیں ہر سال بن رہی تھیں ، اس وقت پاکستان کی شناخت انتہائی مثبت تھی ، فنکاروں کو اس ملک میں خاموش کیا گیا ، جن 8سے9ممالک نے فلم انڈسٹری میں ترقی کی ہے ان کی فلم پالیسیز کا جائزہ لیا ہے اور ہم نے بھی ایک جامع پالیسی مرتب کی ہے۔ نوجوان نسل ثقافت سے دور ہوچکی ہے ، آج کی نسل اردو غلط بولنے میں فخر محسوس کرتی ہے۔ فلم انڈسٹری کیلئے سب سے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ پاکستانی فلمیں اب چینی سینما میں پیش کی جائیں گی جبکہ اسی طرح چینی فلموں کو پاکستانی سینما پر پیش کیا جائے گا۔چین میں منعقد ہونے والے شنگھائی بیجنگ فیسٹیول میں پاکستانی فلمیں بھی دکھائی جائیں گی۔ ہمارا جو قومی ورثہ ختم ہوچکا ہے اسے نصاب میں شامل کر رہے ہیں ، جو زبانیں ختم ہو چکی ہیں انہیں بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ پالیسی کے تحت فلم انڈسٹری کو صنعت کا درجہ دیا جارہا ہے ، نوجوان فلم ساز فلم بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرضے حاصل کر سکیں گے ، صرف بینکوں پر انحصار نہیں کیا جائے گا ، پانچ ارب روپے سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا جارہا ہے ، فنکاروں کے لئے فلم ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کریں گے جبکہ فلم اکیڈمی کے قیام کی منطوری ہوچکی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت فلم سٹوڈیوز تعمیر کرنے کیلئے زمین بھی فراہم کریگی۔ تقریب میں چین کے سفیر یاؤجنگ بھی موجود تھے۔