تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کا پہلا یونٹ فعال‘ پیداوار شروع
لاہور+اسلام آباد(کامرس رپورٹر+اے پی پی ) واپڈانے ملک کی انرجی سکیورٹی کے حوالے سے ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ تربیلا ڈیم کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی۔ منصوبے کے پہلے یونٹ نے، جس کی پیداواری صلاحیت 470 میگاواٹ ہے ، آپریشن کا آغاز کر دیا اور اب اِس یونٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ منصوبے کے پہلے یونٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے کے موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے گزشتہ روز منصوبے کا دورہ کیا اور اِس اہم کامیابی پر واپڈا پراجیکٹ انتظامیہ ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرزکو مبارکباد پیش کی۔ اْنہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور پراجیکٹ سے وابستہ واپڈا انجینئرز ،دیگر آفیسرز اور ملازمین کی محنت اور لگن کی وجہ سے واپڈا یہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔وزیر عظم پاکستان مارچ کے دوسرے ہفتے میں منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اْنہوں نے کہا کہ تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے تحت تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر4پر بجلی پیدا کرنے کیلئے 3 یونٹ نصب کئے گئے ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت470 میگاواٹ ہے۔ پہلے یونٹ سے بجلی کی پیداوارشروع ہو چکی ہے ، دوسرے یونٹ سے اپریل کے آخر جبکہ تیسرے یونٹ سے مئی کے آخر تک بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا۔ اِن 3 منصوبوں میں 108 میگاواٹ صلاحیت کا گولن گول ، 969میگاواٹ کا نیلم جہلم اور ایک ہزار 410 میگاواٹ کا تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ شامل ہیں۔ اے پی پی کے مطابق ملک میں پیدا ہونے والی قدرتی گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کی پیداواری استعداد 1777 میگاواٹ ہو گئی ہے۔