مجلس قائمہ برائے ریاستی و سرحدی امور نے کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) قومی اسمبلی کی سٹیڈنگ کمیٹی برائے ریاستی اور سرحدی امور نے گزشتہ روز اپنے اجلاس میں کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی۔ کمیٹی نے وزیرستان کے لئے50 کروڑ روپے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے منظور کئے جبکہ جنوبی وزیرستان اور مہمند ایجنسی میں جیپ کے سفر کے لئے 2 سو کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر کی بھی منظوری دیدی۔ وزیرستان میں پندرہ کلو میٹر نئی سڑک کی تعمیر کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی گئی۔ جندولا سے گمبالا تک سڑک کی تعمیر کے منصوبہ کی بھی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے فاٹا کے لئے معدنیات کی پالیسی کی بھی منظوری دے دی۔ کمیٹی نے فاٹا سیکرٹری کو سفارش کی کہ کان کنی کے دوران جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے خاندانوں کو معاوضہ بھی ادا کیا جائے۔ کمیٹی کا اجلاس محمد جمال الدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔