تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے نے پیداوارکا آغاز کردیا
تربیلا ( نامہ نگار ) تربیلا کے چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے سے آج بجلی کی پیداوار شروع ہو گئی ہے ۔ 470 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل منصوبے کے پہلے یونٹ نے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور اب اِس یونٹ سے نیشنل گرڈ کو بجلی فراہم کی جارہی ہے،اس موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) مزمل حسین نے منصوبے کا دورہ کیا اور اِس اہم کامیابی پر واپڈا پراجیکٹ انتظامیہ ، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرزکو مبارکباد پیش کی ۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر عظم پاکستان مارچ کے دوسرے ہفتے میں منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ، انہوں نے کہا کہ تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے تحت تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر4پر بجلی پیدا کرنے کیلئے 3 یونٹ نصب کئے گئے ہیں اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت470 میگاواٹ ہے ، دوسرے یونٹ سے اپریل کے آخر جبکہ تیسرے یونٹ سے مئی کے آخر تک بجلی کی پیداوار کا آغاز ہو جائے گا ۔ چیئرمین نے بتایا کہ واپڈا اِس سال جون تک اپنے 3 پن بجلی منصوبوں کو مرحلہ وار مکمل کرتے ہوئے نیشنل گرڈ میں 2 ہزار 487 میگاواٹ سستی پن بجلی کا اضافہ کرے گا ۔ اِن 3 منصوبوں میں 108 میگاواٹ صلاحیت کا گولن گول ، 969میگاواٹ کا نیلم جہلم اور ایک ہزار 410 میگاواٹ کا تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ شامل ہیں ۔ اِن منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کی ضروریا ت پوری کرنے میں مدد ملے گی ، منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت میں ایک ہزار 410 میگاواٹ اضافہ ہوگا اور یہ 3 ہزار 478 میگاواٹ سے بڑھ کر 4 ہزار 888 میگاواٹ ہو جائے گی ۔منصوبے سے ہر سال 3 ارب 84 کروڑ یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہوگی ۔ منصوبے سے سالانہ تقریباً 30 ارب روپے کی آمدنی ہوگی اور یہ صرف 3 سال کی قلیل مدت میں اپنی تعمیر پر آنے والی لاگت پوری کردے گا ۔