واٹر کمشن کے حکم پر سندھ حکومت نے مخصوص مقام کے علاوہ دیگر جگہوں پر کچرا پھینکنے پر پابندی
کراچی (وقائع نگار)جسٹس ریٹائرڈ امیرہانی مسلم پر مشتمل واٹر کمیشن کے حکم پر حکومت سندھ نے صوبے بھر میں کچرا پھینکنے کی مخصوص جگہوں کے علاوہ کسی بھی مقام پر کچرا پھینکنے پر پابندی عائدکردی ہے اور محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی چارہ جوئی کیلئے تیار رہنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ سیکرٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز کی جانب سے جاریکردہ نوٹیفکیشن کے مطابق واٹر کمیشن کے سربراہ نے کھلے مقامات پر گھریلو‘ صنعتی‘ اسپتالوں وغیرہ کے کچرے کوپھینکنے کے واقعات کا سخت نوٹس لیا ہے حکومت بھی اس عمل کو صحت کیلئے نقصان دہ مانتی ہے لہٰذا کھلے مقامات پر کسی بھی قسم کا کچرا پھینکنے پر پابندی لگادی گئی ہے اور آئی جی سندھ پولیس کے توسط سے تمام پولیس افسران کو خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق کارروائی کرکے رپورٹ محکمہ داخلہ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔