شیخوپورہ: بھوک ہڑتالی کیمپ میں عارف سندھیلہ کی طبیعت مزید خراب، ہسپتال جانے سے انکار
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ کی طرف سے نواز شریف کے حق میں لگائے گئے بھوک ہڑتالی کیمپ میں پانچویں روز بھی کوئی ن لیگ کا مرکزی رہنماء نہیں آیا اس موقع پر مقامی کارکنوں نے عارف خان سندھیلہ کے حق میں شدید نعرے بازی کی اور ان کے حوصلے کو بڑھایا 90گھنٹے گزرجانے پرعارف سندھیلہ کی طبیعت مزید بگڑ گئی ہے اور کمزوری کی وجہ سے ان کی آواز بھی بند ہوگئی ہے پانچویں رو ز بھی سینکڑوں لوگوں نے بھوک ہڑتالی کیمپ میں جاکر عارف خان سندھیلہ سے اظہار یکجہتی کیا ان رہنمائوں میں خلیل احمد ورک ،احسان مجید گجر ،چوہدری بدر الزمان ورک ،بینش قمر ڈار ،خان عباس خان ،عبدالوحید اور دیگر بھی شامل ہیں۔ پارٹی کارکنوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے وہ عارف سندھیلہ کی جان بچانے کیلئے شیخوپورہ تشریف لائیں اور ان کی بھوک ہڑتال کو ختم کروائیںعلاوہ ازیں عارف سندھیلہ کے معالج ڈاکٹر عارف ریاض نے بھی عارف سندھیلہ کو بھوک ہڑتال ختم کرنے کا مشورہ دیا۔