لاہور: اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹریک پر ٹرین آزمائشی طور پر چل پڑی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب حکومت کے اہم ترین منصوبے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹریک پر ٹرین آزمائشی طور پر چل پڑی، ڈیرہ گجراں میں ڈپو کے اندر سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں پر بچھائی گئی پٹری پر ٹرین نے آزمائشی سفر بھی شروع کیا ہے۔ پیر کے روز لاہور کے اہم ترین منصوبے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹریک پر ٹرین آزمائشی طور پر چلائی گئی ،لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پروجیکٹ جو کئی ماہ تاخیر سے دوبارہ شروع ہوا لیکن اب یہ آزمائشی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ 12کلومیٹر ٹریک رواں ہفتے مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک ڈرین کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، ڈیرہ گجراں میں ڈپو کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی ہے اور یہاں پٹری پر آزمائشی طور پر ٹرین چلانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کی اور منصوبے کی تعریف کی۔ انہوں نے اس منصوبے کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی تعریف کی اور کہا کہ ایک بار پھر ہمیں آپ پر فخر ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ چار مزید ٹرین سیٹ گزشتہ روز لاہور پہنچ گئے ہیں۔ اب یہاں ان کی کل تعداد 15ہو گئی ہے۔ ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک اورنج لائن کے 12کلومیٹر طویل بالائے زمین ٹریک کی تعمیر رواں ہفتے مکمل کر لی جائے گی۔ وہ گزشتہ روز منصوبے پر جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت‘ ڈپو میں تعمیراتی کاموں کے معائنے اور پہلے چار میٹرو سٹیشنوں کے دورے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ منصوبے کی بروقت تکمیل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے واسا ‘ نیسپاک ‘ٹیپا اور ٹریفک پولیس کے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔