حج کوٹہ کیس: سپریم کورٹ کا تمام مقدمات اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل ، 2 ہفتوں میں فیصلہ سنانے کا حکم
اسلام آباد (آئی این پی+ آن لائن) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کہا ہے کہ حج پالیسی سے متعلق ہائیکورٹ میں مقدمات زیر التواء ہیں، حج پالیسی پر متضاد فیصلے آ سکتے ہیں، تمام ہائیکورٹس سے مقدمات اسلام آباد ہائیکورٹ منگوا لیتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ مقدمات کا فیصلہ دو ہفتے میں کرے، تمام مقدمات رواں ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ منتقل کئے جائیں۔ پیر کو سپریم کورٹ نے حج کوٹہ سے متعلق کیس کو نمٹا دیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ حج پالیسی سے متعلق ہائیکورٹس میں مقدمات زیر التواء ہیں، حج پالیسی پر متضاد فیصلے آ سکتے ہیں، تمام ہائیکورٹس سے مقدمات اسلام آباد ہائی کورٹ منگوا لیتے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ مقدمات کافیصلہ دو ہفتے میں کرے، تمام مقدمات رواں ہفتے اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کئے جائیں، ڈپٹی اٹارنی جنرل ہمیں حج کیلئے قرعہ اندازی کی اجازت دے دیں، سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو مقدمات جلد نمٹانے کا حکم جاری کر دیا۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ نے حج کوٹہ کیس میں وفاق سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے حج پالیسی کی کاپی بھی عدالت میں جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ قبل ازیں حج کوٹہ کیس کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی، وفاقی کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد عدالت پیش ہوئے ،دوران سماعت عدالت نے وفاق کو تحریری جواب آئندہ سماعت سے قبل جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت ایک ہفتہ کے لئے ملتوی کردی۔
حج کوٹہ کیس