احد چیمہ کی گرفتاری کیخلاف بیوروکریسی کی ہٹرتال ختم ، لاہور سول سیکرٹریٹ دوبارہ کھل گیا
لاہور (آن لائن) سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف بیوروکریسی کی ہڑتال ختم کئے جانے کے بعد لاہور سول سیکرٹریٹ میں تمام دفاتر کو کھول دیا گیا ہے۔ احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب بیوروکریسی کی جانب سے شروع ہڑتال چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید کی ہدایات کے بعد ختم کردی گئی، چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام افسران کو احد چیمہ کی گرفتاری پر ہڑتال کرنے سے روکتے ہوئے قانون کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کر دی، ہڑتال ختم ہونے کے بعد لاہور سول سیکرٹریٹ میں تمام دفاتر معمول کے مطابق کھل گئے۔ چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کی گرفتاری کے معاملے کوقانون کے مطابق حل کروایا جائے گا جب کہ دوسری جانب سول سیکرٹریٹ، ایل ڈی اے اور پی آر اے میں افسران ہڑتال کے معاملے میں اب بھی دو دھڑوں میں تقسیم ہیں۔ واضح رہے کہ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کا معاملہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا تھا جس کے بعد لاہور سیکرٹریٹ میں افسروں نے کام چھوڑ دیا تھا۔
بیورو کریسی ہڑتال ختم