بڑھتی ہوئی یہ آہیں اور سسکیاں
مکرمی! پاکستان اشرف المخلوقات کیلئے اللہ تعالیٰ کا انمول عطیہ ہے جو ہمیں نعمت خداوندی کے طور پر عطا کیا گیا۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اس سرزمین کو دین فطرت کا عملی نمونہ بنا کر پیش کیا جاتا تاکہ پوری دنیا اسلام اور مسلمانوں کی تعریف کرتی اور خود کو اسلام کے آفاقی پیغام قرآن مجید فرقان حمید اور اسکی عملی تصویر خاتم النبین رحمت اللعالمین محمد مصطفیﷺ کی زندگی سے استفادہ کر کے یہ سرزمین دوسروں کیلئے فیض کا ذریعہ بنتی لیکن افسوس در افسوس ہم پاکستان کو مسائل اور مشکلات سے دوچار کرتے جا رہے ہیں۔ کبھی جنسی سکینڈل، کبھی بچوں اور بچیوں کے ساتھ ظلم و بربریت کی انتہا، کبھی ٹارگٹ کلنگ کبھی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے شہریوں کے مقابلے، کبھی ڈکیتیوں اور رہزنی کے نام پر لوٹ مار اور مزاحمت پر قتل کی لرزہ خیز وارداتیں ہماری گلی کوچوں کو خون آلود کرتی جا رہی ہیں۔ کب تک ہم اپنے رب کی حکم عدولی کرتے ہوئے اسکے بندوں کو ظلم و بربریت سے دوچار کرتے رہینگے۔ ملک میں قتل و غارت گری کا یہ بازار اسی طرح گرم رہا تو لوگوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کو برقرار رکھنا انتہائی مشکل ہو جائے گا۔ اس کیلئے صرف حکمرانوں کو ہی نہیں بلکہ تمام اہل وطن کو اپنے اپنے اختیار کے مطابق متحرک ہونا پڑے گا۔ (صغیر علی صدیقی)