امریکہ سے اتحاد بچانے کیلئے مزید لچک دکھانے کو تیار‘ سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرینگے : پاکستان
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+نیشن رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کا خواہاں ہے، پاک امریکہ نالج کوریڈور سے پاکستان کے نوجوانوں کی علمی استعداد میں اضافہ ہو گا، پاک امریکہ تعلقات کی بنیاد سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ترقی میں شراکت داری کی بنیاد پر بھی ہونے چاہیے۔ احسن اقبال سے امریکی صدر کی سپیشل اسٹسٹنٹ اور نیشنل سکیورٹی کونسل کی سینئر ڈائریکٹر لیزا کرٹس کی سربراہی میں نیشنل سکیورٹی کونسل کے وفد نے ملاقات کی ۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی شریک تھے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ میں ہم آہنگی دہشتگردی کو شکست دینے کےلئے ضروری ہے، پاکستان میں دہشت گردی کی کمر توڑی جا چکی ہے۔ پاکستان کے عوام خوددار ہیں دباو¿ کو خاطر میں نہیں لاتے۔ انہوں نے کہاکہ آبرومندانہ تعلقات سے پاکستان اور امریکہ خطہ میں امن کے لئے کام کر سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے ہیومن ٹریفنگ کے انسداد کے لیے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق لیزاکرٹس نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات کی۔ جس میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں موجود سرد مہری اور تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ملاقات میں افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ نیشن رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکہ کو بتایا ہے کہ پاکستان واشنگٹن سے اتحاد بچانے کیلئے مزید لچک دکھانے کو تیار ہے مگر اپنی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وزارت خارجہ کے سینئر عہدیدار نے نیشن کو بتایا کہ امریکہ نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ افغان مسئلہ کے حل کیلئے تعاون کرے۔ پاکستان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہم پہلے وہ سب کچھ کررہے ہیں جو کرسکتے ہیں۔ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں جو ہمارے اپنے مفاد میں ہے، پاکستان کو عمومی طور پر نہ لیا جائے ہم نے دہشت گردی کیخلاف کسی بھی ملک سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے امریکی وفد کو پاکستان کے افغان مہاجرین کیلئے کئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور وفد کو بتایا گیا کہ امریکہ خطے میں پاکستان کو فراموش نہیں کرسکتا امریکہ پاکستان کی قربانیوں کی قدر کرے، سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کو بھی امریکہ سے تعلقات کی بہتری میں مدد کیلئے کہا ہے اور سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کا بھی وعدہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان نے امریکہ کے سفارتخانہ کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کا معاملہ بھی اٹھایا۔
امریکی وفد