کوشش کی لیگی دھڑے متحد ہوں ن لیگ نے ساتھ نہیں دیا: ظفر جمالی
جعفرآباد (آئی این پی) سابق وزیراعظم و بزرگ سیاستدان میر ظفراللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ بحیثیت وزیراعظم انہوں نے کوشش کی کہ تمام لیگی دھڑے متحد ہوں بدقسمتی سے اس وقت ن لیگ نے میرا ساتھ نہیں دیا، عدل و انصاف کا اختیار اللہ کے بعد عدالتوں کے پاس ہے، معزز ججوں کے فیصلوں پر رائے زنی کرنے کی کسی میں جرا¿ت نہیں ہونی چاہئے، عدالت اور فوج کو اپنا کام کرنے دیا جائے، الیکشن کمیشن ایک خودمختار ادارہ ہے ہمیں اداروں کے معاملات میں مداخلت سے اجتناب کرنا ہو گا۔ بیشتر سیاستدانوں کو ملک کی بجائے اپنا مفاد عزیز ہے، کسی زمانے میں پیپلز پارٹی میں شامل رہا چانس لینے والے بہت ہیں جو ہر وقت بکنے اور جھکنے کو تیار کھڑے ہیں میں ان مفاد پرست اور ابن الوقت سیاستدانوں میں نہیں ہوں۔ نواز شریف میرے لیڈر نہیں میں ان سے سینئر ہوں، بہت پہلے انہیں مشورہ دے چکا ہوں کہ وہ پارٹی قیادت کسی اور کو سونپ دیں۔ خدا پاکستان کو سلامت رکھے، آدھا پاکستان تو چلا گیا سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ موجودہ پاکستان کو اپنے ذاتی مفادات پر قربان نہ کریں کیونکہ میں دیکھ رہا ہوں کہ موجودہ سیاستدانوں کو ملک کی بجائے اپنی فکر لاحق ہے۔ فوج عدلیہ الیکشن کمیشن اور پارلیمنٹ کے اراکین غرض کہ سب نے اس ملک سے وفاداری کا حلف لیا ہوا ہے مگر ہمارے اسمبلی والوں نے تو اس ملک کا بیڑا غرق کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی میں پھر بھی یہ بات کہونگا کہ ٹکراﺅ کی پالیسی اس ملک اور موجودہ جمہوری سسٹم کیلئے ٹھیک نہیں ہو گا کل تک ہم گیلانی کی نااہلی پر خوشیاں منا رہے تھے آج کیوں ماتم کر رہے ہیں۔
ظفرجمالی