اعلیٰ تعلیم یا فتہ اور محنتی افسران حکو مت کا اثا ثہ ہیں ، گورنر سندھ
کراچی ( وقائع نگار )گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تربیتی کورسز افسران کی صلاحیتوں ، پیشہ ورانہ مہارت اور مفاد عامہ کے لئے انتہائی ناگزیر ہیں ، عوامی فلاح وبہبود کے ترقیاتی کاموں ، مسائل کے حل ، درپیش مشکلات کے خاتمہ میں تربیتی مہارت اہم ثابت ہوتی ہیں، حکومت کے اچھے اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں افسران کلیدی کردار ادا کرتے ہیں با الخصوص جمہوری دور میں افسران کی اہمیت بہت بڑھ جاتی ہے ، اعلیٰ تعلیم یافتہ ، تربیتی کورسز کے حامل ، تجربہ کار اور محنتی افسران حکومت کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اس ضمن میں سول سروسز اکیڈمی افسران کی تربیت ،پیشہ ورانہ مہارت اور تجربہ کے لئے عصر حاضر کے تقاضوں ، قومی ضروریات کے مطابق کورسز کرانے میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے گورنر ہاﺅس میں سول سروسز اکیڈمی کے کامن ٹریننگ پروگرام کے 45 ویں بیچ کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پروگرام میں 36سول افسران شریک ہیں جن میں 12 خواتین افسران بھی شامل ہیں ۔گورنر سندھ نے کہا کہ 2013 ءمیں پورے ملک کی طرح صوبہ با الخصوص ملکی معاشی شہ رگ کراچی کے حالات بہت زیادہ خراب تھے ، خراب حالات کے باعث غیر ملکی یہاں آنے سے بھی ہچکچاتے تھے ہمیں ان سے ملاقات کے لئے اسلام آباد یا پھر دبئی میں جانا پڑتا تھا ، موجودہ حکومت نے امن و امان کے قیام کے لئے انتہائی مشکل فیصلے کئے با الخصوص کراچی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت کے بعد آپریشن شروع کیا گیا ،آج کراچی سب سے زیادہ پرامن شہر بن کر ابھر رہا ہے۔