تہران (آئی این پی) ایران میں گرفتار جند اﷲ کے سربراہ عبدالمالک ریگی نے اعتراف کیا ہے کہ جند اﷲ امریکی ادارے سی آئی اے کے پے رول پر تھی امریکہ نے ایران حکومت کیخلاف لڑنے کیلئے امداد‘ ہتھیار اور اڈہ فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک ایرانی سرکاری ٹی وی چینل نے عبدالمالک ریگی کا انٹرویو نشر کیا ہے جس میں اس نے امریکہ سے روابط کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنداللہ سی آئی اے کے پے رول پر تھی۔ پینٹاگون نے گرفتاری سے پہلے ریگی کے امریکی فوجی اڈے میں قیام کا ایرانی دعویٰ مسترد کردیا ہے۔ ایران کے ٹی وی پر نشر ہونےوالے انٹرویو میں ریگی نے کہا کہ اسے امریکی حکام کہتے تھے انہیں فی الحال القاعدہ اور طالبان سے زیادہ ایران سے مسائل درپیش ہیں اس لیے ایران پر مزید دہشت گرد حملے کیے جائیں۔ ریگی کا مزید کہنا تھا کہ امریکیوں نے جنداللہ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ تنظیم کی ہر ممکن مدد کریں گے۔این این آئی کے مطابق جنداللہ کے ترجمان عبدالرﺅف بلوچ نے تنظیم کے امیر عبدالمالک ریگی بلوچ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالمالک ریگی کو چند دن پہلے سیستان بلوچستان و افغانستان کے ملحقہ سرحدی علاقے سے امریکی و افغان فورسز نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کرکے ایران کے حوالے کر دیا تھا۔
ریگی/ اعتراف
ریگی/ اعتراف