ورلڈکپ ہاکی ٹورنامنٹ کل سے شروع....پاکستان افتتاحی میچ بھارت کیخلاف کھیلے گا

27 فروری 2010
لاہور (اشرف چودھری) 12واں ورلڈکپ ہاکی ٹورنامنٹ کل سے بھارت میں شروع ہو گا۔ چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ہاکی ٹیم افتتاحی میچ کل نئی دہلی میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستان نے 1971ءمیں خالد محمود، 1978ءمیں اصلاح الدین، 1982ءمیں اختر رسول اور 1994ءمیں شہباز سینئر کی زیرقیادت عالمی کپ ٹائٹل جیتے تھے۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا میچ پاکستان سٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق رات 8 بجکر پانچ منٹ پر شروع ہو گا۔ پاکستان ٹیلیویژن پر قومی ٹیم کے تمام میچز براہِ راست دکھائے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز تین میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 4 بجکر 5 منٹ پر جنوبی افریقہ اور سپین کے درمیان جبکہ دوسرا میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ میں شریک 12ٹیموں کو 2 پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں کینیڈا، ارجنٹائن، جرمنی، کوریا، ہالینڈ اور نیوزی لینڈ شامل ہے۔ پول بی میں پاکستان، بھارت ، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور سپین کی ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے ٹورنامنٹ سے قبل کھیلے گئے 2 پریکٹس میجز میں سے ایک میں کامیابی جبکہ جرمنی کے خلاف میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان ہاکی ٹیم ذیشان اشرف کی قیادت میں میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے گئی ہوئی ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی گذشتہ تین ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں چھٹی پوزیشن رہی ہے جبکہ اس کی موجودہ ورلڈ رینکنگ اس وقت ساتویں نمبر کی ہے جبکہ روایتی حریف بھارت کی ورلڈ رینکنگ 12 ہے۔ سابق اولمپئن اور قومی ٹیم کے کوچ شاہد علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم پہلا میچ بھارت کے خلاف جیت کر ٹورنامنٹ کا آغاز پُراعتماد طریقے سے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خلاف میچ آسان نہیں ہو گا۔ قومی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے سخت محنت کرنا ہو گی اور تمام کھلاڑیوں کو متحد ہو کر موبوط حکمت عملی کے تحت میدان میں اترنا ہو گا۔