گڑھی خدا بخش میں جلسہ، رہنماؤں اور کارکنان کی آمد جاری، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھٹو ہاؤس پہنچ گئی
لاڑکانہ: سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی 13 ویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آج گڑھی خدا بخش میں جلسہ کر رہی ہے۔
گڑھی خدا بخش میں ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں جبکہ کارکنوں اور رہنماؤں کی آمد جاری ہے۔
جلسے میں شرکت کے لیے پاکستان مسلم لیگ ن کا 9 رکنی وفد نائب صدر مریم نواز کی سربراہی میں نوڈیرو میں بھٹو ہاؤس پہنچ گیا ہے۔ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، فریال تالپور اور شیری رحمان نے لیگی وفد کا استقبال کیا۔
گڑھی خدا بخش بھٹو میں مزار کے احاطے میں وسیع اسٹیج سجایا گیا ہے۔ 100 فٹ چوڑے اور 40 فٹ اونچے بڑے اسٹیج پر جدید ایل ای ڈی اسکرین بھی نصب کر دی گئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور دیگر پارٹی رہنما جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
جلسے میں جے یو آئی (ف) کا وفد مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں شرکت کرے گا تاہم مولانا فضل الرحمٰن جلسے میں شریک نہیں ہوں گے۔
برسی پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،سیکورٹی کے لیے 7 ہزار پولیس اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ دو سو خواتین پولیس اہلکار بھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں ،سیکورٹی کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ یونٹ بھی موجود ہے۔