اقبال ٹاؤن میں نوجوان کو تشدد کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا گیا

27 دسمبر 2008
لاہور (نامہ نگار) اقبال ٹاؤن میں 22 سالہ نوجوان کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ موت نشے کی زیادتی کے باعث ہوئی۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے بھجوا کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اقبال ٹاؤن راوی بلاک کے رہائشی محمد یوسف کا بیٹا یاسین یوسف جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اپنی کار نمبر ایل ای ڈی 749 میں گھر سے نکلا اور واپس نہ آیا‘ گھر والے تلاش کے لئے نکلے تو اس کی نعش گھر کے باہر گاڑی کی پچھلی سیٹ پر پڑی تھی۔ مقتول کو نامعلوم افراد تشدد کا نشانہ بنا کر اور گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد نعش گاڑی میں چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موت نشے کی زیادتی سے ہوئی‘ یاسین نشے کا عادی تھا اور کچھ عرصہ قبل اس کے گھر والوں نے اس کو نشے کی عادت کے باعث ہسپتال داخل کرایا تھا‘ چند روز قبل ہی وہ ہسپتال سے آیا تھا۔ پولیس نے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔