نوڈیرو (ریڈیو مانیٹرنگ) پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے اپنی قرارداد میں متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بینظیر بھٹو کی شہادت کی فوری تحقیقات کرائے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات شیری رحمن نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری آج شام 5 بجکر 20 منٹ پر گڑھی خدابخش میں جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کریں گے۔ یاد رہے پانچ بجکر 20 منٹ وہ وقت ہے جب گذشتہ برس محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کر دیا گیا تھا۔ قبل ازیں پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں ہوا۔ سندھ کے وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے اجلاس کے شرکاء کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ جبکہ اجلاس میں ملکی صورتحال پر مجموعی طور پر اور پاکستان بھارت کشیدگی پر خاص طور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں صدر آصف علی زرداری امین فہیم‘ جہانگیر بدر‘ اعتزاز احسن‘ ناہید خان‘ صفدر عباسی سمیت تمام رہنما شامل ہوئے۔ اجلاس میں چاروں صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ اجلاس کے آغاز سے قبل بینظیر بھٹو شہید کے لئے فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔ دریں اثناء صدر آصف زرداری آج شام 4 بجے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور نوڈیرو ہاؤس میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں سے خطاب کریں گے۔ اجلاس کے اختتام کے بعد نبیل گبول نے اخبار نویسوں اور میڈیا کے افراد کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کے مطابق پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے تمام وفاقی و صوبائی وزراء اور ارکان سی ای سی کو سکیورٹی کلیئرنس کے بعد نوڈیرو ہاؤس جانے کی اجازت دی گئی‘ مشیر داخلہ رحمن ملک کو بھی اس عمل سے گزرنا پڑا۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024