پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف چند امید افزا اقدامات اٹھائے ہیں ‘ بہت کچھ کرنا باقی ہے: بائوچر

27 دسمبر 2008
پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف چند امید افزا اقدامات اٹھائے ہیں ‘ بہت کچھ کرنا باقی ہے: بائوچر
واشنگٹن + ممبئی (اے این این + ریڈیو نیوز) امریکی نائب وزیرخارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیاء رچرڈ بائوچر نے کہا ہے کہ پاکستان نے ممبئی حملوں کے بعد دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے چند امید افزاء اقدامات اٹھائے ہیں لیکن اب بھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے ٗ پاکستان کو اپنی سرزمین پر کنٹرول اور عسکری گروپوں کو کارروائیاں کرنے سے روکنے کے قابل ہونا چاہیے جس کیلئے ہمیں اس کے ساتھ تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔آل انڈیا ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ممبئی حملوں کے بعد ہمیں کئی معاملات درپیش ہیں اور کئی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے مگر اس وقت ہماری پہلی ترجیح ان عناصر کو گرفتار کرنا ہے جو ممبئی میں ہولناک جرائم کے مرتکب ہوئے۔اس سلسلے میں بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے ساتھ ہمارا انتہائی متحرک سفارتی و تحقیقاتی ڈائیلاگ جاری ہے اور دونوں ملک مستقبل میں دہشت گردی کے حملوں کی روک تھام کیلئے ایک نئی طرح کے تعاون کی بنیاد رکھنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تحقیقات سے حاصل معلومات کا تبادلہ کریں۔ بائوچر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان اور بھارت آپس میں تعاون کریں۔ دریں اثناء رچرڈ بائوچر کا کہنا تھا کہ امریکہ ہر طرح سے مدد کیلئے تیار ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے مواقع تلاش کئے جائیں جہاں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے تعاون کریں اور انہیں خطے میں کام نہ کرنے دیں۔