جارحیت مسلط کی گئی تو بھرپور ردعمل سامنے آئیگا‘ سلامتی کے معاملے پر قوم یکجا ہے: وزیراعظم
لاہور (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے موجودہ صورتحال میں کوئی جارحیت نہیں کی جائیگی تاہم پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ایکشن کا بھرپور ردعمل سامنے آئیگا وطن عزیز کی سلامتی کے معاملے پر پوری پاکستانی قوم یکجا ہے اور اس میں کوئی اختلاف نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں سابق وزیر خارجہ میاں خورشید محمود قصوری کے صاحبزادے ناصر محمود اور وفاقی وزیر میاں منظور وٹو کی صاحبزادی آمنہ وٹو کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر اور بعدازاں لاہور ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے لاہور میں مصروف دن گزارا اور لاہور میں قیام کے دوران وہ اپنے افسر تعلقات عامہ کے والد کی وفات اور چیف سیکرٹری پنجاب کی ساس کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے ان کے گھروں میں بھی گئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جس روز ممبئی کا واقعہ رونما ہوا اسی روز ان کی بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے بات چیت ہوئی تھی۔ تاہم اس کے بعد ان کی وزیراعظم بھارت سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی لیکن سفارتی سطح پر بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کررہی ہے اور پوری طرح مستعد و چوکنا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک بھی خطے اور دنیا میں امن چاہتے ہیں وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ ان میں پاکستان اور بھارت کے دوست ممالک بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے بارہا بھارتی حکومت کو یقین دلایا جا چکا ہے کہ وہ اگر ممبئی کے واقعات میں کسی پاکستانی شخص یا تنظیم کے ملوث ہونے کا ثبوت فراہم کرے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی لیکن تاحال اس سلسلہ میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کے واقعات کے تناظر میں پاکستان بھارت کشیدگی موجود ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم گیلانی نے جمعہ کی دوپہر اپنے افسر تعلقات عامہ سید دانیال گیلانی‘ ریڈیو پاکستان کے میڈیا مینجر سید حمزہ گیلانی اور سید دائود گیلانی کی رہائش گاہ 7 کینال بنک فیروزپور روڈ لاہور کادورہ کیا اور ان سے ان کے والد سابق ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان سید سلیم گیلانی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ گیلانی نے مرحوم کی شاندار پیشہ ورانہ خدمات کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ بعدازاں وہ جی او آر ٹو میں چیف سیکرٹری پنجاب جاوید محمود کی ساس کی وفات پر اظہار تعزیت کی غرض سے بھی گئے‘ بعدازاں لاہور سے روانہ ہو گئے۔