محترمہ کی شہادت پوری قوم کیلئے سانحہ ہے: نواز‘ شہباز

27 دسمبر 2008
محترمہ کی شہادت پوری قوم کیلئے سانحہ ہے: نواز‘ شہباز
اسلام آباد + لاہور (نوائے وقت نیوز + پ ر) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے بینظیر شہید کی پہلی برسی کے موقع پر ان کے اہل خانہ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں اسے پوری قوم کے لئے عظیم سانحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ کی شہادت سے قوم ایک محب وطن پاکستانی اور عظیم جمہوری رہنما سے محروم ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج محترمہ زندہ ہوتیں تو ہم مل کر جمہوریت کی منزل پا چکے ہوتے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ بینظیر ملکی سیاسی تاریخ کا ایک لافانی اور بے مثال کردار ہیں‘ انہوں نے جمہوریت کے لئے اپنی جان قربان کر دی۔ محترمہ کی شہادت پوری قوم کے لئے سانحہ ہے‘ ہم سب پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محترمہ بینظیر نے اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت کے بعد ساری زندگی جمہوریت کے لئے جدوجہد کی اور ثابت کیا کہ کوئی آمریت حق و انصاف کی جدوجہد کو نہیں روک سکتی۔ پاکستان میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) دو اہم سیاسی قوتیں ہیں‘ جو داخلی اور خارجی مسائل کے حل کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر چل رہی ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ ملکی سلامتی‘ جمہوری استحکام‘ عدلیہ کی آزادی کے لئے مل جل کر کام کیا جائے اور کسی بھی قسم کی محاذ آرائی سے گریز کیا جائے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہو گا کہ ہم ملک میں جمہوریت‘ آئین و قانون کی بالادستی اور اصولوں پر مبنی سیاست کو فروغ دیں گے۔