عوام کو تعلیم اور صحت کے شعبہ میں سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں:صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشد نے آج فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی طالبات کے درمیان احساس انڈرگریجوایٹس سکالرشپس پروگرام کے تحت سکالرشپ چیک تقسیم کئے۔اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان،پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشیریں خاور،رجسٹرار منیزہ قیوم، فیکلٹی ممبران و طالبات کی بڑی تعداد موجودتھی۔وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی آمدپرشکریہ اداکیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے احساس سکالرشپ کی تقریب تقسیم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سکالرشپ حاصل کرنے والی طالبات اور ان کے والدین مبارکبادکے مستحق ہیں۔طلباء وطالبات کے درمیان سکالرشپ کی تقسیم ان کی دن رات محنت کا نتیجہ ہے۔صوبائی وزیر صحت نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی 83طالبات کو سکالر شپ دیئے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے ہونہار طلباء طالبات کیلئے احساس انڈرگریجوایٹ پروگرام شروع کیاہے۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنامیرے لئے قابل فخرہے۔سکالرشپ حاصل کرنے والی خوش نصیب طالبات کیلئے نیک تمنائیں ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہاکہ عوام کو تعلیم اور صحت کے شعبہ میں سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔نوجوان نسل کو ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہوگی۔اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کورونا وائرس نے باقی ممالک کی نسبت پاکستان کوکم متاثرکیا۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ ڈاکٹری ایک پیغمبرانہ پیشہ ہونے کے باعث ہم پربڑی ذمہ داری عائد کرتاہے۔اللہ تعالیٰ نے خدمت انسانیت کرنے والے کے بڑے درجات رکھے ہیں۔مریض ہسپتالوں میں اچھے علاج کی امیدلے کرآتاہے۔کوروناوائرس نے دنیا کی معیشت کوتباہ کرکے رکھ دیاہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت احساس انڈرگریجوایٹ پروگرام کے ذریعے ہونہارطلباء وطالبات کو سپورٹ کررہی ہے۔انڈیامیں روزانہ کوروناوائرس کے باعث ایک ہزارمریض انتقال کررہے ہیں۔ہمیں بطورڈاکٹرز اس ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے۔