وزیراعظم عمران خان نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان کر دیا
ڈپٹی اسپیکر سینیٹ سلیم مانڈوی والہ کی زیر صدارت ایوان بالا کا اجلاس ہوا۔ ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مغرب کو سمجھ نہیں کہ وہ ایسی حرکتوں سے ہمیں کتنی تکلیف دیتا ہے۔ مسلمانوں کیخلاف فتنہ اٹھانے کیلئے مغرب میں ایسا کرنا بہت آسان ہے۔ ہولوکاسٹ پرکوئی بات کرے تو یورپی ممالک میں جیل ہوجاتی ہے۔ یورپ کو نہیں پتا کہ ہمارے دلوں میں نبی اکرم حضرت محمد ﷺ کیلئے کتنی محبت ہے۔ یہ مسلمان دنیا کی ناکامی ہے کہ ایسا باربار ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گستاخانہ خاکوں سے متعلق مقابلوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے۔ اس معاملے پر اوآئی سی کو بھی اکٹھا کرنے کی کوشش کریں گے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کریں گے۔ اس سے ٹیکس دینے والوں کو پیغام جائے گا کہ ان کا پیسہ انہی پر خرچ ہورہاہے۔ ہم دنیا میں سب سے زیادہ خیرات کرتے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے۔