جمعیت اہلحدیث کی استحکام پاکستان ریلی، عوام نے انتشار کی سیاست مسترد کردی: ساجد میر
لاہور (خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث کے زیر اہتمام گزشتہ روز استحکام پاکستان ریلی نکالی گئی۔ ریلی مرکز اہلحدیث 106۔ راوی روڈ سے شروع ہوکر شاہراہ قائداعظم سے ہوتی ہوئی کلب چوک اور ڈیوس روڈ پہنچی جبکہ گزشتہ روز پشتوانخوا ملی عوامی پارٹی نے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ عمران خاں اور طاہرالقادری نے اسلامی اور تہذیبی اقدار کا جنازہ نکال دیا ہے، مذہب کے نام پر فتنہ اور تبدیلی کے نام پر انتشار کی سیاست کرنیوالوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے، دھاندلی کی آڑ میں عدلیہ اور قومی اداروں کو نشانہ بنانا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ بزدلوں کی طرح طاہرالقادری نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا رکھا ہے۔وہ ڈیوس روڈ پر استحکام پاکستان ریلی سے خطاب کررہے تھے۔ ریلی سے ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، علامہ زبیر احمد ظہیر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنی رٹ قائم کرے اور دھرنے والوں کیساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی خاطر حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ملک کو ڈنڈا بردار انقلاب اور آزادی مارچ نہیں چاہیے۔ حافظ عبدالکریم نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جمہوریت خطرات میں گھری نظر آ رہی ہے۔ من گھڑت الزامات لگانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائے تاکہ معاشرے میں فسادی ذہنیت کے خاتمے میں مدد ملے۔ ریلی کے شرکاء نے عمران خان اور طاہرالقادری کیخلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے کتبے اٹھا رکھے تھے۔ نائب امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ طاہر القادری احسان فراموش ہیں، ہم ملکی استحکام کیلئے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں۔ علاوہ ازیں فیصل چوک (اسمبلی ہال چوک) میں پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی لاہور کے زیراہتمام محمد مبین خان مہمند کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ 100 سے زائد کارکنوں نے نواز شریف، آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے حق میں نعروں پر مبنی بینر اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے دھرنا دینے والی دونوں جماعتوں کے قائدین کیخلاف بھی نعرے بازی کی جبکہ مقررین نے قرار دیا کہ کپتان محفل موسیقی کے میلے کی سزا عوام کو دے رہے ہیں۔