پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ کل شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی یہ ہوم سیریز سکیورٹی مسائل کی وجہ سے متحدہ عرب امارات میں کھیلی جارہی ہے،جس میں پاکستانی ٹیم کی قیادت مصباح الحق اورآسٹریلوی ٹیم کی کپتانی مائیکل کلارک کریں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے کل پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔دوسرا ون ڈے میچ اکتیس اگست کو ابوظہبی جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ ستمبر ستمبر کو شارجہ میں کھیلا جائے گا،پاکستان نے آخری بار دوہزار دو میں آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست دی، انیس سو پچھتر سے اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان چھیاسی ون ڈے میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں کینگروز نے باون اور گرین شرٹس نے تیس میں کامیابی حاصل کی، ایک میچ ٹائی اور تین بے نتیجہ رہے، اس سے قبل اپریل دوہزار نومیں کھیلی گئی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے تین دو سے کامیابی حاصل کی، یو اے ای میں اب تک مجموعی طور پر کھیلے گئے آٹھ ون ڈے میچوں میں پاکستان نے پانچ اور آسٹریلیا نے تین میچوں میں فتح حاصل کی،دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پانچ ستمبر، دوسرا سات ستمبر اور تیسرا دس ستمبر کو کھیلا جائے گا۔