ماہ رمضان اور ناجائز ذخیرہ اندوزی

27 اگست 2009
مکرمی !ماہ رمضان سے قبل ہی ملک بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے۔ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران گیارہ سبزیوں اور آٹھ پھلوں کے نرخوں میں اضافہ ہوا جبکہ اضافے کا یہ سلسلہ تاحال جاری ہے جبکہ چینی کا مصنوعی بحران عوام پر الگ قیامت ڈھا رہا ہے۔ مہنگائی کے اس اضافے سے عوام نہ صرف پریشان بلکہ بے بس بھی ہیں کیونکہ عوام کو ان گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوروں کو نکیل ڈالنے والا کوئی بھی نظر نہیں آ رہا۔ غیر مسلم ممالک اپنے مذہبی دنوں کے احترام میں اشیائے خوردونوش سمیت تمام اشیاء سستی کر دیتے ہیں جبکہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والے اس میں ملک میں ماہ رمضان کے بابرکت مہینے میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے خوب لوٹا جاتا ہے۔ میری وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے درخواست ہے کہ وہ ماہ رمضان کے موقع پر گراں فروشی کا فوری نوٹس لیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف ایکشن لے کر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کو روکنے کی کوشش کریں۔شائستہ وقار شعبہ ابلاغیات پارٹ ٹو گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج، چونا منڈی لاہور