ڈاکوؤں نے لانس نائیک اور محنت کش کو قتل کر دیا

27 اگست 2009
لاہور + مانگٹانوالہ (نامہ نگاروں سے) ڈاکوؤں نے لاہور اور مانگٹانوالہ میں ڈکیتی اور مزاحمت پر ایک فوجی جوان سمیت 2 افراد کو قتل اور 4 کو شدید زخمی کر دیا ہے جبکہ مختلف وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی‘ زیورات‘ موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لی ہیں‘ چوروں نے شہر سے 3 کاریں اور 6 موٹر سائیکلیں چرا لی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 8 آزاد کشمیر رجمنٹ مکا ہیڈ سلمانکی میں تعینات لانس نائیک اور راولاکوٹ (پونچھ) کا رہائشی 32 سالہ طارق حسین ٹبی سٹی میں اپنے سسرال آیا آیا ہوا تھا‘ گشتہ روز شیرشاہ ولی دربار کے قریب 2 ڈاکوؤں نے لانس نائیک طارق کو 2موبائل اور 30 ہزار روپے کی نقدی چھیننے کے بعد مزاحمت پر گلا دبا کر قتل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق لانس نائیک کو اسی کی شلوار کے ازاربند سے پھندا دیا گیا ہے۔ ادھر موڑاکھنڈا میں کام ختم کر مانگٹانوالہ میں اپنے گھروں کو جانے والے مشتاق احمد اور جاوید سے مدینہ کالونی کے قریب ڈاکوؤں نے نقدی و موبائل چھین لئے اور مزاحمت پر فائرنگ کر دی جس سے نابینا ماں اور 2 اپاہج بھائیو ں کا واحد کفیل مشتاق موقع پر ہی جاںبحق‘ جبکہ جاوید شدید زخمی ہو گیا۔ جھیڈواں دا کھو کے دو کزنوں خرم اور عاصم کو بھی 3 ڈاکوؤں نے لوٹنے کے بعد مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا ۔ دونوں کو نازک حالت کے باعث لاہور بھجورا دیا گیا ہے۔ ماسو شریف کے قریب ڈسپنسر محمد طفیل کو 3 ڈاکوؤں نے لوٹنے کے بعد گولی مار دی۔ اس کی حالت نازک ہے‘ ایک ہی دن میں 3 خونیں وارداتوں کے باعث علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عوام نے احتجاجاً ٹائر جلا کر لاہور جڑانوالہ روڈ بلا کر دی۔ ادھر ڈاکوؤں نے لاہور شہر کے علاقہ ستوکتلہ میں آفتاب کے گھر سے 5 لاکھ‘ لوہای گیٹ میں موسیٰ خان کے گھر سے پونے پانچ لاکھ‘ سبزہ زار میں محمد رفیع کے گھر سے 5 لاکھ‘ شادباغ میں راحت علی کے گھر سے 4 لاکھ‘ ہربنس پورہ میں الماس کے گھر سے 3 لاکھ‘ غازی آباد میں موبائل شاپ سے 2لاکھ‘ کاہنہ کی غلام کالونی میں بابر زمان کے گھر سے ساڑھے 4 لاکھ‘ اقبال ٹاؤن میں زکی‘ رائے ونڈ میں شوکت علی‘ لٹن روڈ میں لیاقت علی‘ قلعہ گجر سنگھ میں عمران‘ مصری شاہ میں صابر حسین‘ ستوکتلہ میں احسن‘ مصری شاہ میں وقاص‘ باغبانپورہ میں یاسین اور شمالی چھاؤنی میں ہی پرویز کے گھر سے 2 لاکھ جبکہ نشتر کالونی میں آصف رضا کے گھر سے ایک لاکھ روپے کا سامان‘ ریس کورس‘ گلشن اقبال اور فیکٹری ایریا سے تین کاریں جبکہ مصطفی آباد‘ گلشن راوی‘ لوئر مال‘ پرانی انارکلی‘ قلعہ گجر سنگھ‘ گرین ٹاؤن سے 6 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔