چوہنگ: ایک ایکڑ اراضی کے تنازعہ پر بھانجوں نے 2 ماموں قتل کر دئیے

27 اگست 2009
لاہور (نامہ نگار) چوہنگ میں چار سگے بھائیوں نے والد کے ساتھ مل کر ایک ایکٹر اراضی کے تنازعہ پر دو ماموں کو انکی دکانوں پر جاکر گولیاں مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ معلوم ہوا ہے کہ دو سگے بھائیوں بشیر اور ریاض بھٹی کا اپنے بھانجوں علی رضا ، علی حسین ، شیر علی ، عمران علی اور انکے والد امیر علی کے ساتھ اراضی کا تنازعہ چل رہا تھا کچھ عرصہ قبل بشیر بھٹی نے اسی تنازعہ پر جھگڑا ہونے کے بعد بھانجے علی رضا کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا بشیر اور ریاض نے علی رضا کے خلاف بکری چوری کا مقدمہ بھی درج کروا رکھا تھا۔ باپ بیٹوں کا کئی بار اس تنازعہ پر جھگڑا ہوا۔ گزشتہ روز بشیر بھٹی شاہ پور کانجراں میں جبکہ ریاض بھٹی پکا میل سٹاپ پر اپنی دکانوں پر موجود تھے کہ اس دوران چاروں بھائیوں نے والد کے ساتھ مل کر دونوں کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا۔ دونوں کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔