بگٹی کی تیسری برسی پر لاہور میں بھی تقریب‘ مشرف کو پھانسی دی جائے: شاہ زین

27 اگست 2009
لاہور (خصوصی رپورٹر) جمہوری وطن پارٹی کے شہید سربراہ و سابق گورنر و وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اکبر خان بگٹی کی تیسری برسی کی تقریب گذشتہ روز پی سی ایس آئی سوسائٹی میں بھی منعقد کی گئی جس میں جمہوری وطن پارٹی‘ مسلم لیگ (ن)‘ استقلال پارٹی‘ پی ڈی پی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے عہدیداران و کارکنوں سمیت تاجر رہنماؤں‘ وکلا‘ طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر نواب اکبر بگٹی کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور محفل نعت ہوئی۔ اجتماعی دعا کے بعد جمہوری وطن پارٹی کے مر کزی چیف کوآرڈینیٹر نوابزادہ شاہ زین بگٹی ‘ استقلال پارٹی کے سربراہ سید منظور علی گیلانی‘ خاکسار تحریک کے سربراہ حمید الدین المشرقی‘ پی ڈی پی پنجاب کے رہنما مارٹن جاوید مائیکل‘ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما رانا عبدالوحید‘ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنما جواد حامد‘ تعمیر پاکستان پارٹی پنجاب کے رہنما نور نعیم خان سمیت جمہوری وطن پارٹی کے رہنماؤں مدنی بلوچ‘ ارشد سلیم‘ زاہد چودھری‘ حافظ نوید‘ ثمن باجوہ و دیگر نے اظہار خیال کیا۔ نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں آگ لگی ہوئی ہے‘ علیحدگی پسندوں کی تحریک ختم کرنی ہے تو بلوچستان کو اُس کے حقوق دئیے جائیں۔ نواب اکبر بگٹی کے قاتل پرویز مشرف کو ڈیرہ بگٹی میں پھانسی دی جائے ۔ ڈیرہ بگٹی سے فوج ا ور ایجنسیوں کا کردار ختم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ بلوچستان والوں سے معافی مانگنے اور کمیٹیاں بنانے سے بات نہیں بنے گی۔ ہمارے مطالبات تسلیم کئے جائیں اور ڈیرہ بگٹی سے بے گھر کئے گئے ڈیڑھ لاکھ افراد کو اپنے گھروں کو واپسی کی آزادی دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لاہور سے لانگ مارچ کریں گے‘ بے گھر بگٹی ہمارے ساتھ ڈیرہ بگٹی جائیں گے اور دکھائیں گے کہ عوامی طاقت کس کے ساتھ ہے۔ منظور گیلانی نے کہا کہ اکبر بگٹی نے ساری زندگی پاکستان کے استحکام اور پاکستانیوں کے حقوق کے لئے گزاری۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ نہ صرف بلوچستان بلکہ سندھ‘ سرحد اور پنجاب کے حقوق کے لئے جدوجہد کریں گے۔ حمید الدین المشرقی نے کہا کہ پرویز مشرف خدا کی گرفت میں آ چکا ہے جلد قانون کی پکڑ میں بھی آ جائے گا۔ رانا عبدالوحید نے کہا کہ پرویز مشرف کا انجام بھی جنرل ضیاء الحق جیسا ہو گا۔ جنرل ضیاء نے علامہ احسان الٰہی ظہیر کو اور پرویز مشرف نے اکبر بگٹی کا قتل کرایا۔ تحریک منہاج القرآن کے رہنما جواد حامد نے کہا کہ اکبر خان بگٹی محب وطن اور وفاق کی علامت تھے۔