مقبوضہ کشمیر میں 20 برس کے دوران 3429 افراد لاپتہ ہوئے : کٹھ پتلی حکومت

27 اگست 2009
سرینگر (نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر کی حکومت نے بدھ کے روز مقامی اسمبلی میں جو اعدادوشمار جاری کئے ہیں ان کے مطابق بیس برس کے عرصہ میں تین ہزار چار سو انتیس افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔ ان میں سے ایک ہزار باسٹھ کا تعلق وادی کشمیر سے ہے جبکہ باقی جموں خطہ کے رہنے والے ہیں۔ اپوزیشن کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں جاری کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں فی الوقت کل چھبیس ہزار تین سو پچپن یتیم بچے ہیں جن میں سے پانچ ہزار تین سو نواسی بچے ایسے مجاہدین کے ہیں جو لڑائی کے دوران شہید ہو چکے ہیں یا ابھی تک لاپتہ ہیں۔ سرکاری فہرست میں بیوہ عورتوں کی تعداد آٹھ ہزار چھ سو بارہ بتائی گئی ہے جن میں دو ہزار دو سو سڑسٹھ ایسی ہیں جن کے خاوند مسلح جدوجہد کے ساتھ وابستہ تھے اور اسی میں شہید ہو گئے۔ دریں اثناء حکومت نے ایوان میں واضح کیا کہ انسانی حقوق سے متعلق سرکاری ادارے فعال ہیں اور پچھلے دو سال کے عرصہ میں مجسٹریٹ سطح کی بیس تفتیشی کارروائیوں کا حکم دیا گیا ۔