تقسیم ہند کے حقائق کی نشاندہی کی‘ بھولا ہوں نہ آگ سے کھیل رہاہوں : جسونت سنگھ

27 اگست 2009
لاہور (نیوز ڈیسک) اپنی کتاب میں قائداعظم کی تعریف پر بھارتیہ جنتا پارٹی سے نکالے جانے والے سابق بھارتی وزیر خارجہ جسونت سنگھ نے کہا ہے کہ تقسیم ہند کے پس پردہ حقائق کی تلاش کے حوالے سے کتاب لکھ کر نہ تو وہ آگ سے کھیل رہے ہیں نہ سادہ لوح اور بھولپن کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ایک پروگرام میں اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ کیا یہ توقع رکھ کر کہ وہ جن خیالات کا اظہار کر رہے ہیں ان کی بنیاد پر انہیں پارٹی سے نہیں نکالا جائیگا بھولپن اور سادہ لوحی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کے خیالات پارٹی کے ڈسپلن اور نظریات کے منافی ہیں جسونت سنگھ نے کہا کہ اگر جھوٹ پارٹی کی گھٹی میں رچا ہوا ہے تو یہ پارٹی کیلئے پریشانی کی بات ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے سردار پٹیل کی توہین نہیں کی محض تاریخ کے حقائق کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم ہند کے حقائق کی تلاش کے بارے میں ان کی اس کوشش سے کسی کو بھی مشتعل نہیں ہونا چاہئے۔