’’جمہوریت میں کوئی مائنس ون فارمولا نہیں ہوتا‘‘

27 اگست 2009
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ملک سے بحرانوں اور دیگر مسائل کے خاتمے کیلئے عوام کی زندگی کو تبدیل کئے بغیر امن و ترقی ممکن نہیں جبکہ ایسی صورتحال میں میڈیا پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ موثر کردار ادا کرے تا کہ حکومتی اپنی کوتاہیوں اور خامیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے اپنا حقیقی موثر کردار ادا کر سکے۔ پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور پیپلز لیبر بیورو پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل نے مختلف اداروں کی ٹریڈ یونینز کے عہدیداروں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں کوئی مائنس ون فارمولا نہیں ہوتا ایسے شوشے اور پراپیگنڈہ کو صرف وہی لوگ ہوا دیتے ہیں جن کا سیاست اور عوام سے کوئی تعلق نہیں ہوتا اور نہ ہی انکا اپنا کوئی ایجنڈا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے خلاف مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے جذبات ایک ہیں تاہم طریقہ کار پر اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن تمام مسائل کا جلد حل تلاش کر لیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت نے جس طریقے سے سوات میں دہشتگردی پر بڑی حد تک قابو پایا ہے وہ قابل ستائش ہے جبکہ حکومت متاثرین کی ازسر نو بحالی کیلئے بھی پرعزم ہے۔