یوٹیلٹی سٹور پر اشیائے خورد و نوش گزشتہ رمضان سے کہیں زیادہ مہنگی

27 اگست 2009
لاہور (کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج کے باوجود زیادہ تر اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں گزشتہ رمضان کے مقابلے میں انتہائی زیادہ ہیں جبکہ جن اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی گئی ان کی قیمت میں چند روپے کی کمی کی گئی ہے۔ ایک کلو چینی کی قیمت 38 روپے ہے جو گزشتہ سال رمضان میں ایک کلو چینی کی 30.50روپے کے مقابلے میں 7.5روپے زائد ہے۔ 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 300روپے تھی جو اس رمضان میں 200روپے اضافے سے 500روپے ہے۔ ایک کلو سفید چنے کی قیمت 63روپے تھی جو اس سال رمضان میں 25روپے اضافے سے 88روپے ہو گئی ایک کلو دال ماش کی قیمت 69روپے تھی جو اس رمضان میں 36روپے اضافے سے 105روپے ہو گئی۔ ایک کلو یوٹیلٹی گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت 110روپے تھی جو اس سال 19 روپے کمی سے 91روپے ہوئی ہے اور ایک کلو بیسن کی قیمت میں صرف 7روپے کمی ہوئی اس کی قیمت 59روپے تھی جو اس رمضان میں 52 روپے ہے۔ 500گرام کھجور کے پیکٹ کی قیمت میں ایک روپیہ کمی کی گئی ہے گزشتہ رمضان میں اس کی قیمت 43روپے تھی اور اس رمضان میں اس کی قیمت 42روپے ہے۔