نیوزی لینڈ کے ویٹوری 300 وکٹیں‘ 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے دنیا کے آٹھویں کھلاڑی بن گئے
کولمبو (سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈینیل ویٹوری نے سری لنکن ہم منصب کمارا سنگاکارا کو آؤٹ کر کے ٹیسٹ میں 300 وکٹیں مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا‘ ویٹوری کے کیریئر کا 94 واں ٹیسٹ میچ تھا۔ اس طرح وہ 300 وکٹیں اور 3 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے 8 ویں کھلاڑی بن گئے۔ کیوی کپتان نے 1996-97ء میں انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا اور وہ اب تک 94 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔ جن میں 45 ہوم گراؤنڈ میں باقی غیر ملکی گراؤنڈ میں کھیلے ہیں۔ وہ 300 وکٹیں کرنے والے کیوی لینڈ کے دوسرے بالر ہیں۔ ٹیسٹ میچ میں 300 وکٹیں اور 3 ہزار رنز مکمل کرنے والوں میں شین وارن کا نام سرفہرست ہے۔ شین وارن نے 145 میچوں میں 3154 رنز اور 708 وکٹیں لیں۔ بھارت کے کیپل دیو نے 131 میچوں میں 5348 رنز کے علاوہ 434 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے سر رچرڈ ہیڈلی نے 86 میچوں میں 3124 رنز اور 431 وکٹیں‘ جنوبی افریقہ کے شان پولاک نے 108 میچوں میں 3781رنز اور 421 وکٹیں‘ انگلینڈ کے آئن بوتھم نے 102 ٹیسٹ میچوں میں 5200 رنز اور 383 وکٹیں‘ پاکستان کے عمران خان نے 88 میچوں میں 3807 رنز اور 362 وکٹیں‘ سری لنکا کے واس نے 111 میچوں میں 3089 رنز اور 355 وکٹیں جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان ویٹوری نے 3329 رنز کے علاوہ 300 وکٹیں مکمل کیں۔