پاکستان کی جانب سے امریکی خام تیل درآمد کرنے پر غور

Apr 27, 2025 | 12:42

پاکستان نے امریکی خام تیل درآمد کرنے پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں امریکا کو تجارتی خسارہ کم کرنے کے لیے تیل خریدنے کی تجویز دی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد اس وقت واشنگٹن میں موجود ہے جہاں وہ امریکی حکام کے ساتھ ٹیرف مذاکرات کر رہا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔ پاکستانی حکام نے کہا کہ امریکا کی جانب سے 29 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد پاکستان اس بات پر غور کر رہا ہے کہ وہ امریکی خام تیل خرید کر تجارتی خسارے کو کم کرے۔ تاہم حکام نے یہ بھی بتایا کہ امریکا نے 29 فیصد ٹیرف عارضی طور پر 90 دن کے لیے معطل کر دیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان نے امریکا سے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سوتی دھاگا اور سویابین خریدنے کی بھی تجویز دی ہے۔ پاکستان نے 2024 میں 5.1 ارب ڈالر کا تیل درآمد کیا تھا جبکہ امریکا کے ساتھ اس کا 3 ارب ڈالر کا تجارتی خسارہ ہے۔ اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکا سے خام تیل خریدنے کے فیصلے سے پاکستان نہ صرف اپنے تجارتی خسارے میں کمی لائے گا بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو بھی مزید مستحکم کرے گا۔

مزیدخبریں