جنرل عاصم منیر کی زیر قیادت پاک فوج  مضبوط تر ہو چکی، راجہ  حنیف

Apr 27, 2025

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)چیئرمین وزیراعلی پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی مادرِ وطن کو کسی خطرے کا سامنا ہوا، ہماری بہادر افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، بے مثال قربانی اور جذبہ حب الوطنی سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر قیادت پاک فوج نہایت پیشہ ورانہ، مستعد اور ہر میدان میں مضبوط تر ہو چکی ہے۔ جنرل عاصم منیر کا ویژن، حب الوطنی، اور بے مثال قیادت کا انداز افواجِ پاکستان کو مزید ناقابلِ تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔گزشتہ روز ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ہم خطے میں خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں، مگر اپنی آزادی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔راجہ حنیف نے کہا کہ پوری قوم سیاسی، علاقائی اور لسانی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ آج کا پاکستان قومی یکجہتی، ولولے اور عزم کی روشن تصویر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اگر دشمن نے ارضِ پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی تو اسے ایسا عبرتناک جواب دیا جائے گا جو تاریخ کے صفحات پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ہماری یکجہتی، ہمارے عزم اور ہماری بہادر افواج کی جرات و صلاحیت دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج  قومی سلامتی، خودمختاری اور وقار کی عظیم علامت ہیں۔ میں بحیثیت چیئرمین وزیراعلی پنجاب انسپکشن ٹیم، پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں جو اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہماری سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے اور دشمن کی ہر سازش کو مثر انداز میں ناکام بنا رہی ہے۔ ہماری سرزمین محفوظ ہاتھوں میں ہے اور ہمارے ادارے ہر لمحہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے تیار ہیں۔راجہ محمد حنیف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ  ان کی قیادت میں پاک فوج نے اندرونی و بیرونی چیلنجز کا جس حکمت اور حوصلے سے مقابلہ کیا ہے، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں پوری قوم، اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ، مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

مزیدخبریں