ایرانی بندرگاہ میں کنیٹنر پھٹنے سے دھماکے ‘ 8افرادجاں بحق،700زخمی

Apr 27, 2025

تہران‘ اسلا م آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) ایرانی شہر بندر عباس میں زور دار دھماکوں اور آگ لگنے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور 700 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ بندر عباس بندرگاہ پر کنٹینر پھٹنے کی وجہ سے دھماکے ہوئے برموزگان کے کرائسز مینجمنٹ چیف مہر داد حسن زادہ نے کہا کہ یہ دھماکے بندرگاہ کے صحن میں ذخیرہ کئے گئے کئی کنٹینرز کے پھٹنے سے ہوئے۔ زخمیوں کو باہر نکالا جا رہا ہے۔ ایران کی کسٹم اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ ہفتے کے روز ہونے والا دھماکہ سینا کنٹینر یارڈ میں ہوا جو پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن سے وابستہ ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو میں دیکھا گیا کہ دھماکے کے مقام سے کالے دھوئیں کا ایک بہت بڑا غبار اور آگ کا ایک گولہ اٹھ رہا ہے۔ نیشنل ایرانین آئل ریفائننگ اینڈ ڈسٹری بیوشن کمپنی (این آئی او آر ڈی سی) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھماکے کا علاقے میں ریفائنریوں، ایندھن ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں یا تیل کی پائپ لائنوں سے کوئی تعلق نہیں۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ بندر عباس دھماکے کی وجوہات جاننے اور نقصانات کا اندازہ لگانے کی ہدایت کر دی۔ بندر عباس دھماکہ اتنا شدید تھا کہ 50 کلومیٹر دور تک سنا اور محسوس کیا گیا۔ بندرگاہ کی بیشتر عمارتوں، گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔  برآمد ی اور ٹرانزٹ شپمنٹس تاحکم ثانی بند رہے گی۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ وزیرِ اعظم نے بندر عباس کی شاہد رجائی بندرگاہ پر پیش آنے والے المناک دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ایرانی صدر اور برادر ایرانی قوم سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس دکھ کی گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ 

مزیدخبریں