دو قومی نظریہ پاکستان کے وجود کی بنیاد، دفاع کرنا جانتے ہیں: آرمی چیف

Apr 27, 2025

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کی تخلیق کی خاطر ان گنت قربانیاں دیں اور بے مثال جدوجہد کی۔ ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کے دوران سپہ سالار نے کہا کہ ہم مسلمان زندگی کے تمام پہلوؤں میں ہندوؤں سے مختلف ہیں۔ ہمارا مذہب، رسم و رواج، روایات، سوچ اور عزائم ہندوؤں سے یکسر مختلف ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ دو قومی نظریے کی بنیاد یہ تھی کہ مسلمان اور ہندو دو قومیں ہیں۔ ایک قوم نہیں، ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کی تخلیق کی خاطر انگنت قربانیاں دیں اور بے مثال جدوجہد کی۔ سپہ سالار نے کہا کہ ہم نے پاکستان کیلئے بہت سی قربانیاں دیں، ہم اس کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کو تقریب میں آمد پر سلامی پیش کی گئی۔ بگل بجا کر آمد کا اعلان کیا گیا۔ وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ کیڈٹس کی حلف برداری ہوئی۔ وزیراعظم نے بہترین کارکردگی پر اعزازات اور انعامات تقسیم کئے۔ اعزازی شمشیر انڈر آفیسر محمد حنان ملک نے حاصل کی۔ صدارتی طلائی تمغہ انڈر آفیسر زین العابدین‘ چیئرمین جے سی او کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل نیپال کے کیڈٹ کو ملا۔ لیڈی کیڈٹ لائبہ رحمان کو بھی اعزاز ملا۔ طلحہ ایاز نے کمانڈنٹ اعزازی چھڑی حاصل کی۔

مزیدخبریں